ایوان بالاء کی قواعد وضوابط و استحقاق کمیٹی کا چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد طاہر بزنجو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس

72
سینیٹر محمد طاہر بزنجو

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):ایوان بالاء کی قواعد وضوابط و استحقاق کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد طاہر بزنجو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔سینیٹ کمیٹی اجلاس میں 2 مئی2023 کو منعقد ہونے والے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن کے نامناسب رویے پر سینیٹر فدا محمد، سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی اور سینیٹر شمیم آفریدی کی جانب سے استحقاق کے معاملہ، سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے گھر پر پولیس چھاپے پر معزز سینیٹر کی جانب سے ایس پی لاڑکانہ عمران، ایس پی لاڑکانہ عتیق میکن،

ڈی ایس پی سول لائنز اسد بھٹی، ایس ایچ او مارکیٹ سرتاج جاکھرانی، ایس ایچ او حیدری محمد منگیرو،ایس ایچ او داری، ایس ایچ او تلوکاکے خلاف استحقاق کے معاملے کے علاوہ سینیٹر سردار محمد شفیق ترین کی جانب سے پی ایس کیو سی اے کے جوائنٹ سیکرٹری سجاد، ڈی جی پی ایس کیو سی اے ڈاکٹر ایچ کیو خان اور ڈائریکٹر ایڈمن کے خلاف استحقاق کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔سینیٹ کمیٹی اجلاس میں 2 مئی2023 کو منعقد ہونے والے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن کے نامناسب رویے پر سینیٹر فدا محمد، سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی اور سینیٹر شمیم آفریدی کی جانب سے استحقاق کے معاملہ کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ سابق سیکرٹری پیٹرولیم ملک سے باہر ہیں

ان کی 17 سے22 ستمبر تک کی چھٹی کی درخواست ہے۔سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کا احترام کرنا تمام بیورو کریسی کا فرض ہے۔ تما م ادارے پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کو جوابدہ ہیں۔ جس پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وزیراعظم سیکرٹریٹ اور سیکرٹری اسٹبلیشمنٹ کو خط لکھ کر آگاہ کیا جائے کہ متعلقہ سابق سیکرٹری پیٹرولیم کو پابند کر یں کہ وہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوں ورنہ یہ کمیٹی ان کے خلاف ثمن جاری کر کے انہیں طلب کرے گی۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے گھر پر پولیس چھاپے پر معزز سینیٹر کی جانب سے ایس پی لاڑکانہ عمران، ایس پی لاڑکانہ عتیق میکن، ڈی ایس پی سول لائنز اسد بھٹی، ایس ایچ او مارکیٹ سرتاج جاکھرانی، ایس ایچ او حیدری محمد منگیرو،ایس ایچ او داری، ایس ایچ او تلوکا و دیگر کے خلاف استحقاق کے معاملے کے حوالے چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمدطاہر بزنجو اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ آئی جی سندھ نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ وہ کچے کے علاقے میں جاری اپریشن میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو بھی آگاہ کیا ہے۔