اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):ایوان بالاکی سالانہ پارلیمانی رپورٹ 2024-25 کا اجراء کر دیا گیا۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹیریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق رپورٹ میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں حاصل کیے گئے اہم سنگ میل کا تفصیلی احاطہ پیش کیا گیا ہے۔ پارلیمانی سال کے دوران ایوان بالا جمہوری اقدار او ر روایات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بہتر پارلیمانی نگرانی کے تحت بہتر نظام کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم رہا۔
ایوان بالا نے ڈیجیٹل گورننس، انتخابی اصلاحات، مزدوروں کے حقوق اور انسانی اسمگلنگ جیسے اہم شعبوں سے متعلق بحث کرتے ہوئے 12 سرکاری بل اور 11 پرائیویٹ اراکین کے بل منظور کیے ہیں ۔رواں پارلیمانی سال کے دوران ایک اہم پیش رفت 26ویں آئینی ترمیم بھی تھی۔ پارلیمانی سال کے دوران سینیٹ کے 12 سیشنز اور 3 مشترکہ اجلاس منعقد ہوئے، سینیٹ سیکرٹریٹ کی مختلف شعبوں کی کارکردگی بھی رپورٹ کا حصہ ہے جس میں شعبہ قانون سازی ، شعبہ سوالات ، کمیٹی برانچز، ریسرچ ڈائریکٹوریٹ، میڈیا ڈائریکٹوریٹ، شعبہ بین الپارلیمانی تعلقات، پارلیمانی ڈویلپمنٹ یونٹ، شعبہ انتظامیہ، شعبہ سروس، رپورٹنگ ڈائریکٹوریٹ، مسودہ قانون تیار کرنے کا شعبہ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ اور افرادی قوت کا شعبہ او ر یگر اہم شعبہ شامل ہیں۔
پارلیمانی سال کے دوران انسانی اسمگلنگ کی روک تھام ،موسمیاتی تبدیلیوں، ای گورننس اور ڈیجیٹل سکیورٹی کے نظام متعارف کرانے کے علاوہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حقوق، انتخابی اصلاحات میں بہتری کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کے علاوہ صنفی امتیاز کے خاتمے کےلئے قانون سازی اور خواتین کو قومی مرکزی دھارے میں شامل کرنے کےلئے قانون سازی اور خاص طور پر خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے اہم قانون سازی عمل میں لائی گئی ۔ خواتین سینیٹرز نے ایوان بالا اورکمیٹیوں میں بحث و مباحثوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اہم قانون سازی متعارف کرائی ۔
بین الاقوامی سطح پر ایوان بالانے پارلیمانی سال کے دوران دو طرفہ اور کثیر جہتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پارلیمانوں کے ساتھ فعال کردار ادا کیا اور پارلیمانی سفارت کاری پر انحصار کرتے ہوئے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر موثر حکمت عملی اختیار کی ۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی وفود کی قیادت کرتے ہوئے مختلف ممالک کے دورے کئے جن میں برطانیہ، سعودی عرب، آسٹریا، آئرلینڈ اور آذربائیجان شامل تھے۔ ان دوروں کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں پارلیمانی و اقتصادی روابط کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط کرنے کےلئے پارلیمانی دوستی گروپس کو زیادہ موثر بنانے پر زور دیا گیا ۔
سینیٹ کو پارلیمانی سا ل کے دوران بین الاقوامی وفود کی میزبانی کا شرف بھی حاصل ہوا ۔سینیٹ نے روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹینا ماتویینکو اور ہسپانوی پارلیمانی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح ملاقاتیں کیں جبکہ روسی وفد کی سربراہ نے ایوان بالا سے خطاب بھی کیا ۔
چیئرمین سینیٹ کی قیادت میں ایوان بالا کے وفد نے باکو آذربائیجان میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے 15ویں سالانہ اجلاس میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں جس میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ پر زور دیا گیا۔ایوان بالانے جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہوئے قانون سازی کے شعبے میں اہم تبدیلیاں اور جدتیں متعارف کرائی ہیں اور پارلیمانی طریقہ کار کے نظام میں نمایاں بہتری لانے کےلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572672