اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایوان بالا میں وزراء کی غیر موجودگی پارلیمانی نظام کے موثر انداز میں چلانے کے اصولوں کے خلاف ہے۔
جمعرات کو ایوان بالا میں انہوں نے تشویش کا اظہار کیا اوراس بات پر زور دیا کہ وقفہ سوالات کے دوران وزراء یا کم از کم پارلیمانی سیکرٹریز کی موجودگی ضروری ہے۔
انہوں نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود سوالات کے جوابات دینے کے لئے موجود ہوتے تھے اور یہی توقع موجودہ حکومت سے بھی ہے، یہ رویہ پارلیمانی روایات اور شفافیت کے اصولوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی کی موجودگی میں چیئرمین نے ان سے دریافت کیا کہ توجہ دلاؤ نوٹسز پر کارروائی کو کس طرح آگے بڑھایا جائے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایوان کا کام صرف حکومتی نمائندگی کی موجودگی میں موثر طریقے سے انجام دیا جا سکتا ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی آپ اس وقت حکومتی بنچوں کی نمائندگی کر رہے ہیں آپ ہی بتائیں کہ توجہ دلائو نوٹسز پر کارروائی کیسے آگے بڑھائیں۔