ایوان بالا میں یوسف رضا گیلانی کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کے بعد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

78

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایوان بالا میں یوسف رضا گیلانی کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کے بعد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا ہے۔

جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کی جماعتوں میں خصوصاً مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے اندرونی اختلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں اور ان میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے کبھی بھی استعفے نہیں دے گی کیونکہ اس صورت میں انہیں سندھ حکومت کی قربانی دینی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کی جدوجہد صرف اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کا تحفظ کی خاطر ہے عوام کو درپیش مسائل سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ اپوزیشن اتحادکو حکومتی مینڈیٹ کو تسلیم کرنا چاہئے ، پاکستان تحریک انصاف اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اگر عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی تو آئندہ انتخابات میں عوام ووٹ نہیں دیں گے۔