اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):مقننہ میں نوجوانوں کی شرکت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےایوان بالا میں 21 یونیورسٹیوں کے طلباء بشمول فاؤنڈیشن آف ایڈوانسمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (فاسٹ)، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لئے سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کے آغاز کی باضابطہ منظوری دے دی جس کا اطلاق 16 جون 2025 سے آٹھ ہفتے کے عرصے کے لئے ہوگا۔
یہ پروگرام سینیٹ آؤٹ ریچ پروگرام کا حصہ ہے جس میں سوشل سائنس اور ٹیکنالوجی کے نئے گریجویٹس کے علم اور تجربہ کو بڑھانے کے لئے سینیٹ آف پاکستان کے قانون سازی اور انتظامی سیٹ اپ میں خاص طور پر بجٹ اجلاس کے دوران شامل کیا گیا ہے۔ نامزد طلباء کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز میں پاکستان کے آئین اور سینیٹ آف پاکستان اور اس کے سیکرٹریٹ اور قائمہ کمیٹیوں میں قانون سازی اور انتظامی عمل کے حوالے سے پروگرام کےآغاز سے قبل دو دن کے لئے آگاہی دی جائے گی۔
مذکورہ فلیگ شپ پروگرام کے تحت سیکرٹریٹ نے جون 2024 سے اگست 2022 تک قائداعظم یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 20 طلباء اور جولائی سے اگست 2024 تک اسلام آباد کے سات سکولوں کے 18 طلباء کا داخلہ کیا۔
مارچ 2024 میں چیئرمین سینیٹ آف پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے بلا معاوضہ انٹرن شپ پروگرام اور سیکرٹریٹ نے اب تک ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے چار سو چھبیس طلباء کے لیے کامیابی سے انٹرن شپ پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ چیئرمین کے اسی وژن کے تحت سیکرٹریٹ دوسرے مرحلے میں انٹرن شپ پروگرام کو اسلام آباد کے اے اور او لیول کے سکولوں تک توسیع دے گا۔