ایوان بالا نے اسلامو فوبیا کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی

46

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):ایوان بالا نے اسلامو فوبیا کے وسیع پھیلائو اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے وسیع پھلائو سے باخبر ہے اور 14 اپریل 2022ء کو سویڈن میں بین الاقوامی قانون اور متعلقہ یو این قراردادوں کی خلاف ورزی میں ریسوموس پالوڈان کی جانب سے قرآن پاک کے جلانے، پھاڑنے اور بے حرمتی کے معلون عمل پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے ۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان حکومت پر زور دیتا ہے کہ سویڈن کے سفیر کو طلب کر کے پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اس جارحانہ عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی جائے اور مزید مطالبہ کرتا ہے کہ اشتعال پھیلانے والے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان حکومت پر زور دیتا ہے کہ یو این رکن ممالک میں آزادی اظہار کے بہانے مسلمانوں کے جذبات کے خلاف ایسے اشتعال انگیز جرائم کے کرنے کی حوصلہ شکنی کرنے کے لئے سیاسی اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لایا جائے۔ ایوان نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دیدی۔