29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومقومی خبریںایوان بالا نے افریقی ممالک کے ساتھ معاشی ، سفارتی ،سیاسی اور...

ایوان بالا نے افریقی ممالک کے ساتھ معاشی ، سفارتی ،سیاسی اور عوام کی سطح پر تعلقات کے فروغ بارے قرار داد کی منظوری دے دی

- Advertisement -

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):ایوان بالا نےافریقی ممالک کے ساتھ معاشی ، سفارتی ،سیاسی اور عوام کی سطح پر تعلقات کو فروغ دینےکے عزم کے اظہار پر مبنی قرار داد کی منظوری دے دی ۔ یہ قرار داد جمعرات کو نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایوان میں پیش کی جس کامقصد ان ممالک کے ساتھ معاشی ، سماجی و ثقافتی اقدار ، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے ۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلقات پائیدار اور مشترکہ تاریخی روابط پر مبنی ہیں ۔

پاکستان افریقی ممالک کی نو آبادیاتی نظام کے خلاف جدوجہد آزادی کی بھرپور تائید کرتا ہے کیونکہ یہ ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد ہے ۔ قرار داد میں مشترکہ اقدار اور مشترکہ ثقافتی تنوع کا اعتراف کرتےہوئے عالمی اور علاقائی امور پر پاک افریقہ تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔

- Advertisement -

قرار داد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ انگیج افریقہ پالیسی کے ذریعے تعلقات کے فروغ کو سراہتا ہے جس کا مقصد سیاسی ، معاشی ، سماجی اور ثقافتی اقدار تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کی سطح پر تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔

یہ ایوان اس مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور اور اصولوں کے مطابق بالخصوص عالمی تعلقات میں دھونس اور طاقت کے استعمال کی روک تھام عوام کی خودارادیت ، سالمیت کا تحفظ ، علاقائی خود مختاری کا احترام اور ان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر زور دیتا ہے ۔

ایوان پاکستان کے افریقی ممالک میں اقوام متحدہ کے زیر سایہ امن مشن کو سراہتاہے ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ جنوب ، جنوب تعاون سے موجودہ عالمی صورتحال سے جامع ترقی اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی ۔ افریقی خطے میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور یہ خطہ عالمی امن اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔

قرار داد میں یہ بھی عتراف کیا گیا ہے کہ دوطرفہ تعلقات اور کثیرجہتی تعلقات کے فروغ میں پاکستان میں افریقی ممالک کے سفرا اور ہائی کمشنر جبکہ پاکستانی وزارت خارجہ کے افسران اور اہلکاروں کا اہم کردار ہے ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600126

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں