اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):ایوان بالا کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ منگل کو ایوان بالا کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے حوالے سے گزشتہ روز منظور ہونے والی قرارداد کو واپس لیا جائے۔
اس دوران جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد اور پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی بات کرنا چاہتے تھے تاہم ایوان میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے5 منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجانے کا حکم دیامگر اس کے باوجود ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے ایوان کی کارروائی جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک کے لئے ملتوی کر دی۔