ایوان صدر کی جامعہ مسجد سے "اسلامی معاشرہ اور احترام قانون” کے موضوع پر خطبہ جمعہ براہ راست نشر کیا گیا

100

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):ایوان صدر کی جامعہ مسجد سے "اسلامی معاشرہ اور احترام قانون” کے موضوع پر خطبہ جمعہ براہ راست نشر کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ایوا ن صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ ڈاکٹر عبدالکریم عثمان نے خطبہ جمعہ میں اسلامی معاشرہ میں احترام قانون اور عہد کی پاسداری کی اہمیت کواجاگر کرتےہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں انفرادی کے ساتھ ساتھ اجتماعی و معاشرتی زندگی میں بھی عہد کو پوراکرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نےکامیاب مومنوں کی کی صفات میں سے ایک امانتوں اور عہد کی پاسداری بیان کی ہے۔ انہوں نے حضور ﷺ کی حیات طیبہ کی روشنی میں عہدکی پاسداری کی مثالیں بیان کرتےہوئے صلح حدیبیہ کا خصوصی حوالہ دیا جس میں مسلمانوں کے باہمی معاملات کے ساتھ ساتھ دیگر اقوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو نبھانے کا درس موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک فرد کے لئے لازم ہےکہ وہ جس ملک کا باشندہ ہے اس کے قانون کی پیروی کرے ۔یہ عہد کی پاسداری کی ایک صورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی دراصل اسلامی تعلیمات کی روگردانی اور دیگر لوگوں کے لئے تکلیف کا سبب بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جائز امور میں اسلامی ریاست کے قوانین کی پاسداری ضروری ہے۔ اس موقع پر ملکی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعاکی گئی ۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی ہدایت پر لوگوں کی رہنمائی کے لئے ایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہ است نشر کرنے کا باقاعدگی اہتمام کیا جا رہا ہے۔