اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):ایوان صدر کی جامع مسجد سے علما کی معاشرتی ذمہ داریاں کے موضوع پر خطبہ جمعہ براہ راست نشر کیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ خطیب فیصل مسجد ڈاکٹر قاری ضیاء الرحمن نے خطبہ جمعہ میں قرآن و سنت کی روشنی میں علماء کرام کی معاشرتی ذمہ داریوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اسلامی تاریخی حوالوں کی روشنی میں دین اسلام میں علماء کرام کی معاشرتی ذمہ داریوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں فہم دین پیدا کرنا اور اصلاح کرنا علماء کرام کی ذمہ داری ہے، جمعہ معاشرے، افراد اور عوام کی اصلاح کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام بہت وسیع ہے، یہ وقت، قوم اور علاقے تک محدود نہیں، مساجد و منبر کو عوام الناس اور معاشرے کی اصلاح کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، علماء کرام سماجی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، وہ مساجد سے باہر نکلیں اور سماجی مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دین میں لوگوں کی اصلاح کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا نظام بھی ملتا ہے۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ نماز جمعہ کے دوران کورونا وائرس کی وبا کی نئی لہر کے تناظر میں احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا،
سماجی فاصلہ اور ماسک پہن کر نماز جمعہ ادا کی گئی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر لوگوں کی رہنمائی کے لیے ایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔