ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا

73

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے خطبہ دیا۔

انہوں نے اپنے خطبہ میں کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے ہمارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے عشرہ رحمت للعالمین منایا جا رہا ہے جس پر میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی رحمت اور اس کی عمومیت، شمولیت و آفاقیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو سب کے لیے سراپا رحمت بنا کر بھیجا، آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ تمام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہیں۔

اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عوام کی رہنمائی کیلئے ایوانِ صدر سے ہر جمعہ کو 15 منٹ کیلئے بہترین مقررین خطبہ دیں گے۔