سیالکوٹ۔ 29 مارچ (اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے زیر انتظام قائم کردہ ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ چیئرمین ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی بورڈ میاں محمد خلیل کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں قائد بزنس کمیونٹی پاکستان ریاض الدین شیخ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ اکرام الحق بطور پیٹرن انچیف شریک ہوئے۔ قائد بزنس کمیونٹی پاکستان ریاض الدین شیخ نے ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی کے قیام سے سیالکوٹ چیمبر نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے اور یہ فارمیسی سیالکوٹ کے لوگوں کی اپنی فارمیسی ہے جہاں سے ہر کوئی ہر قسم کی دوائی سستے داموں خرید سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایس سی سی آئی میڈ فارمیسی میں زکوٰۃ، صدقات یا خیرات کے پیسے شامل نہیں بلکہ اسے سیالکوٹ کی کاروباری برادری نے اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بنایا ہے۔
قائد بزنس کمیونٹی ریاض الدین شیخ نے کہا کہ ماہ صیام کے بابرکت مہینے میں سیالکوٹ کی کاروباری برادری کی جانب سے اس عوامی فلاحی منصوبے کا قیام انتہائی احسن قدم ہے جس پر ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے اس کار خیر میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کراتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام لوگوں کو اللہ تعالیٰ اجر عظیم عطا فرمائیں۔ آمین۔
سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس وسیم شہباز لودھی، نائب صدر عمر خالد، سابق صدور سیالکوٹ چیمبر ماجد رضا بھٹہ، خواجہ خاور سمیت صدر وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ ڈاکٹر مریم نعمان سمیت سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577283