27.7 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومتجارتی خبریںایوان صنعت و تجارت ملتان کا "آپریشن بنیان المرصوص"میں تاریخی کامیابی پر...

ایوان صنعت و تجارت ملتان کا "آپریشن بنیان المرصوص”میں تاریخی کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین

- Advertisement -

ملتان۔ 10 مئی (اے پی پی):ایوان تجارت و صنعت ملتان نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص میں تاریخی کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین کرتے ہوئے پاک ،بھارت کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی پر عالمی برادری کی کوششوں کو سراہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ایوان تجارت و صنعت ملتان کے قائمقام صدر خواجہ محسن مسعو دنے دیگر عہدیداران اور سینیئر ممبران کے ہمراہ یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان اور پاکستان کی پوری بزنس کمیونٹی کی جانب سے ہم یہ واضح اور پُرعزم پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنی مسلح افواج کے شجاعانہ کردار اور مادرِ وطن کے دفاع میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارت کی طرف سے خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن افواجِ پاکستان نے”آپریشن بنیان المرصوص”کے تحت بروقت اور موثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے فوجی اڈوں اور ہوائی اڈوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اس سب کے نتیجہ میں اب دشمن خود بات چیت اور کشیدگی میں کمی کی درخواست کر رہا ہے،یہ پاکستان کی عسکری، سفارتی اور قومی طاقت کا واضح ثبوت اور کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی تاجر و صنعتکار برادری اپنی افواج اور اپنی ریاست کے ساتھ کھڑ ی ہے اور اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنی معیشت، صنعت، برآمدات اور وسائل کے ذریعے قومی استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ایوان صنعت و تجارت کے عہدیداروں نے کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے ہم پوری دنیا کو بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن، ذمہ دار اور خودمختار ملک ہے لیکن اپنے دفاع اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،ایوان تجارت و صنعت ملتان افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اعتماد کا اظہار کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن

- Advertisement -

ہماری افواج اور ہماری قوم کو اپنی حفاظت میں رکھے۔نائب صدر اظہر بلوچ نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہمارے پاس باصلاحییت پائلٹس ہیں،جنہوں نے بھارتی رافیل طیاروں کو مار گرایا۔انہوں نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فارما سیوٹیکلز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہا نی کرائی۔سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں تنویر اے شیخ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے کامیاب آپریشن پرخطہ کی تمام صنعتی تاجر برادری پاک افواج حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہے، ہم دفاع وطن کے لئے ہر طرح سے افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے جے ایف تھنڈر طیاروں سے رافیل طیاروں کو مار گرایا، یہی جذبہ ہماری قوم میں بھی ہے۔خواجہ محمد یوسف،میاں راشد اقبال نے کہا کہ قوم نے ثابت کیا کہ ہم یک جان ہیں

قوم مضبوط دیوار کی طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور مادر وطن کے لیے ہمہ قسم قربانی کے لیے تیار ہیں اور ہم پاک افواج کے مشکور ہیں کہ بھارت کو دندان شکن جواب دیا کہ وہ سیز فائر پر مجبور ہو گیا۔خواجہ محمد حسین،خواجہ محمد عثمان نے کہا کہ ضرورت پڑی تو سرحدوں پر بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہیں ۔ملک اسرار اعوان نے کہا کہ کاروباری برادری محب وطن ہے ضرورت پڑنے پر حکومت عوام کا ساتھ دیا آئندہ بھی ساتھ دیں گے خانیوال انڈسٹریل اسٹیٹ کے صدر اور ممبر ایوان ملتان احمد رضا نے کہا کہ ہمارے احساسات،جذبات،دعائیں اپنی افواج کے ساتھ ہیں۔پریس کانفرنس کے بعد افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور جنگ بندی پر اظہار تشکر کے لیے ریلی نکالی گئی۔شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور حالیہ بھارتی حملوں پر پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595446

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں