فیصل آباد۔ 27 جون (اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے بجٹ میں سولر پینلز پر جی ایس ٹی کو 18فیصد سے کم کر کے 10فیصد کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اس سے ملک میں شمسی توانائی کے فروغ کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے کیلئے متعلقہ شعبہ کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک توانائی کے استعمال کو بڑھانے کیلئے10فیصد کی شرح سے بھی جی ایس ٹی کو ختم کرناہوگا تاکہ ہر شخص بآسانی اور اپنے مالی وسائل کے اندر رہتے ہوئے سستے سولر پینل خرید سکے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی طرف کسانوں کیلئے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویل لگانے کیلئے بلاسود قرضے دینے کے فیصلے کو سراہا اور کہا ہے کہ اسی طرح 500یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو اور کاروباری افراد کو بھی سولر سسٹم لگانے کیلئے بلاسود قرضے دیئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ واپڈا کے گرڈ سسٹم پر بھی بوجھ کم ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سولر سسٹم پر ٹیکس لگانے کے بارے میں بھی افواہیں گردش کر رہی ہیں جن کی وضاحت ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شمسی توانائی پر منتقل ہونے کی ترغیب دی جا سکے۔