ایبٹ آباد۔ 8 اگست (اے پی پی):ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ایبٹ آباد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ادارے کے تمام ہاسٹلز میں پانی کی کمی کا مسئلہ جلد حل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں نالوں کی صفائی کے دوران سمال انڈسٹری کی جانب جانے والے نالے میں پانی کی مین پائپ لائن لیک ہونے سے پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے تاہم بوائز ہاسٹل اور ایم او ہاسٹل کو ٹینکرز کے ذریعہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نرسنگ ہاسٹل، فاطمہ جناح ہاسٹل، فیملی ہاسٹل، پیرا میڈکس ہاسٹل اور ایچ او فی میل ہاسٹل میں پانی کی فراہمی کر دی گئی ہے۔ ڈین ڈاکٹر ثاقب ملک ، ان کی ٹیم ڈاکٹر ذیشان ہارون، مینٹی ننس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ امین اﷲ گنڈا پور، انجینئر عاقب فدا، اسرار جہانگیری اور دیگر عملہ موقع پر موجود ہے، جلد اس مسئلہ کو حل کر دیا جائے گا۔ انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ پانی کا ضیاع نہ کر دیں، باتھ رومز میں نلکے کھلے چھوڑ کر ہرگز نہ جائیں۔