ایبٹ آباد۔ 25 جنوری (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے میڈیکل ڈائریکٹر کی سربراہی میں منگل کو ہنگامی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عالم زیب سواتی نے کہا ہے کہ ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے تمام سہولیات موجود ہیں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہمارے ڈاکٹرز اور نرسز فرنٹ لائن پر موجود ہوں گے۔
کورونا وائرس کی وباکی پانچویں لہر کی وجہ سے ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں کافی تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عالم زیب سواتی نے ہسپتال ڈائریکٹر بریگیڈیئر ریٹائرڈ مستحسن رضا، نرسنگ ڈائریکٹر شمس الہدیٰ اور دیگر شعبہ جات کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسزکے متعلق بات چیت کی گئی۔
اس دوران چیئرمین میڈیسن ڈاکٹر عمران کا کہنا تھا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ابھی تک کی تیاریاں کافی ہیں لیکن اگر کیسز بڑھے تو ہمیں دوسرے وارڈز کو خالی کرنا پڑے گا اور ہم اس کیلئے بالکل تیار ہیں، ہماری عوام سے گذارش ہے کہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور تمام لوگ ویکسین لازمی لگوائیں تاکہ جلد از جلد اس وبا سے نجات حاصل کی جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=292237