ایوسٹان انجیکشن کے سلسلہ میں 10 رکنی کمیٹی 7 روز میں رپورٹ وزیر اعلی پنجاب کو پیش کرے گی ،ترجمان

132
انجیکشن

لاہور۔26ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ایوسٹان انجیکشن سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں 10 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو 7 روز میں اپنا کام مکمل کر کے وزیراعلی پنجاب کو اپنی واضح سفارشات پیش کرے گی۔

ترجمان کے مطابق وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کمیٹی کے کنوینر جبکہ وزیر پرائمری ہیلتھ شریک کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری قانون پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ پرائمری ہیلتھ کیئر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، ایڈیشنل سیکرٹری( ٹیکنیکل) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم، ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول پنجاب اور کمیٹی کی طرف سے ضروری سمجھے جانے والے کوئی اور ممبر شامل ہوں گے۔

کمیٹی اس واقعے کا تمام پہلوئوں سے اچھی طرح جائزہ لے گی اور اس ناخوشگوار واقعے کے اسباب اور وجوہات کا تعین کریگی ۔ کمیٹی اس انجیکشن کے استعمال کے بارے میں اس وقت جاری کلینیکل پریکٹیسز کا تجزیہ کرے گی اور اس بات کا تعین کرے گی کہ کیا یہ پریکٹیسز کافی ہیں یا نہیں۔

اس انجیکشن کی مینوفیکچرنگ، ڈسٹریبیوٹرز، کمپائونڈرز، سپلائرز، امراض چشم کے کلینکس اور فیلڈ ریگولیٹرز کے کام میں خامیوں کی نشاندہی کرے گی اورذمہ داری کا تعین کرے گی۔ ہر سطح پر خامیوں اور کمزوریوں کا واضح طور پر تعین کیا جائے گا۔کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کے سدباب کے لیے جامع عمل درآمد پلان پیش کرے گی۔کمیٹی اپنے کام کے دوران حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر اس سلسلے میں کوئی اور تجویز بھی پیش کر سکے گی۔