ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، آج نواز شریف بھی سرخرو ہو گئے

111

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہےکہ آج نواز شریف بھی سرخرو ہو گئے ہیں ۔جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 6 سال اس کیس میں جھوٹ بولا گیا، آج اللہ نے عزت سے سرخرو کیا، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا کہ انہوں نے جھوٹ کیوں بولا اور کیوں بہتان لگایا، جس شخص نے یہ جھوٹ بولا آج اس شخص کا چہرہ دیکھنا چاہتی ہوں، آج اللہ نے تمہیں ناکام کیا جھوٹا ثابت کیا، تم ناکام ہوئے اور نواز شریف کو اللہ نے سرخرو کیا، جلد نواز شریف بھی واپس آئیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ایک بے بس شخص ہے، اس مقدمے کا بینیفشری کون ہے سب پتہ تھا، وہ بیساکھی پر اس مقدمے کے ذریعے آیا۔امریکی مراسلے سے متعلق آڈیو لیک کے سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا وزیراعظم کے کمرے میں بیٹھ کر دو شیطانی دماغوں نے جھوٹ گھڑا، اس معاملے پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات ہونی چاہیے اور عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور سفیر اسد مجید کو بلا کر ان سے پوچھا جانا چاہیے کہ انہوں نے کس طرح ملک کے ساتھ اتنا گھنائونا کھیل کھیلا، اگر ہم تحقیقات نہیں کر سکتے تو پھر ہمیں آنکھیں بند کر کے کمبل اوڑھ کر گھر پر سو جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص مذہب کارڈ کھیلتا رہا لیکن کسی نے اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا، حکومت سمیت سب ادارے تماشا دیکھتے رہے، اس کے پاس ایسی کیا چیز ہے اسے اتنی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے، یہ شخص سنگین سے سنگین جرم کرکے بھی بچ کر نکل جاتا ہے۔اپنی ویڈیو سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا جب میں نیب کی حراست میں تھی تو انہوں نے میری ویڈیو بنائی تھی، میں نائٹ سوٹ میں تھی، اگر وہ میری ویڈیو ریلیز کرتے ہیں تو پھر یہ انتہائی شرم کی بات ہے کیونکہ قیدیوں کے بھی کچھ حقوق ہوتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتی لیکن شرم عمران خان کو آنی چاہیے کیونکہ میرے داماد کی مشینری عمران خان کے دور میں آئی تھی

۔مریم نواز نے کہا کہ میرے داماد نے وزیراعظم آفس کو درخواست دی تھی کہ آدھی مشینری آ چکی ہے اور آدھی رکی ہوئی تھی جس کی وجہ سے پلانٹ بند ہے لیکن مجھے فخر ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ پہلے بھارت سے امپورٹ کی اجازت تھی لیکن اب اجازت نہیں ہے اس لیے آپ کسی دوسرے ملک سے مشینری منگوا لیں۔