لندن ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) ایون لیوس نے ویسٹ انڈیز کی طرف سے انفرادی طور پر چوتھی بڑی ون ڈے اننگز کھیلنے کا اعزاز پا لیا، لیوس بدقسمت رہے اور انجری کے باعث ان کا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے کا خواب ادھورا رہ گیا، انگلینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں کیریئر بہترین 176 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں لیوس قہر بن کر حریف باﺅلرز پر ٹوٹ پڑے، انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 7 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے کیریئر بہترین 176 رنز کی اننگز کھیلی۔