اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (ایچ آر ڈی این) نے بدھ کو کارپوریٹ اور ترقیاتی شعبوں کے درمیان مؤثر شراکت کے حصول کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک گول میز مباحثہ کا انعقاد کیا۔ اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے کی سربراہی ایچ آر ڈی این کی چیئرپرسن رومی ایس حیات، دی ایشیا فاؤنڈیشن کے سی ای او مظفر الدین اور ایچ آر ڈی این کی سی ای او روبیلا بنگش نے کی۔
تقریباً 30 ترقیاتی اور کارپوریٹ سیکٹر کی تنظیموں بشمول ماری پٹرولیم، ایس پی او، جیز، آر ایس پی این، آئی آر ایم، جی بی ٹی آئی، ایس آر ایس پی، ٹی آر ڈی پی،این آر ایس پی اور دیگر نے اپنے نمائندوں کے ذریعے بحث میں حصہ لیا۔ ایچ آر ڈی این کی چیئرپرسن ڈاکٹر رومی ایس حیات نے کہا کہ آنے والے چار سے پانچ سالوں میں عالمی فنڈنگ کے انداز بدل جائیں گے، اس سے پاکستان اور دنیا بھر میں ترقیاتی ادارے یقیناًمتاثر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مشترکہ کوششوں کے ذریعے قومی اور مقامی فنڈنگ کے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ڈیلیور کرنا جاری رکھنا چاہیے ۔ ایشیا فاؤنڈیشن کے سی ای او مظفر الدین نے کہا کہ کارپوریٹ اور ترقیاتی شعبوں کے درمیان زیادہ ہم آہنگی نہیں ہے تاہم اس بات چیت کے ذریعے تعاون کو فروغ دینے کا ارادہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا ایک ایجنڈا ہے اور وہ ہے مکالمہ۔ ہم ایک قابل قدر اثر پیدا کرنے کے لیے اپنے خیالات کے اشتراک اور تبادلہ خیال کے ذریعے ہی سیکھ سکتے ہیں۔ ایچ آر ڈی این کی سی ای او روبیلا بنگش نے کارپوریٹ اور ترقیاتی شعبوں کے نمائندوں کا اس فکر انگیز بحث میں حصہ لینے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پائیداری کو بحال کرنا اور دونوں شعبوں کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے۔ واضح رہے کہ ایچ آر ڈی این قومی اور بین الاقوامی این جی اوز اور انفرادی پیشہ ور افراد پر مبنی نیٹ ورک ہے۔