16 C
Islamabad
پیر, مارچ 17, 2025
ہومقومی خبریںایچ ایس اے ورک فورس ایکسپورٹ انیشی ایٹو سے معیشت مستحکم ،...

ایچ ایس اے ورک فورس ایکسپورٹ انیشی ایٹو سے معیشت مستحکم ، عالمی صحت کے شعبے میں خلا پُر ہوگا

- Advertisement -

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ڈگری عطا کرنے والا ادارہ) پریئر لرننگ ریکگنیشن (پی ایل آر) پروگرام کے تحت ایک منفرد ہیلتھ کیئر ورک فورس ایکسپورٹ انیشی ایٹو متعارف کرانے جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانی طبی ماہرین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دے کر انہیں عالمی صحت کی منڈیوں میں روزگار کے لیے تیار کرنا ہے۔ایک مشترکہ پریس بریفنگ میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی(ایچ ایس اے) کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان اور ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ندیم سجاد کیانی نے اس پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق، یہ اقدام نہ صرف دنیا بھر میں صحت کے شعبے میں درپیش افرادی قوت کے بحران کو کم کرے گا بلکہ پاکستان کی معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر، پی ایل آر پروگرام کے تحت پاکستانی طبی ماہرین کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ ترقی یافتہ ممالک میں ملازمت کے مواقع حاصل کر سکیں۔وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پاکستان میں طبی شعبے میں بے روزگاری کے خاتمے اور ملکی معیشت کے استحکام میں مدد دے گا۔ پی ایل آر پروگرام کے ذریعے فراہم کردہ سرٹیفائیڈ ٹریننگ پاکستانی ماہرین کو ترقی یافتہ ممالک میں اعلیٰ تنخواہ والی ملازمتیں حاصل کرنے میں مدد دے گی، جس سے ملک کے وسیع تربیت یافتہ افرادی وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے گا۔یہ اقدام پاکستان کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا باعث بنے گا۔ کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، امریکہ اور مشرق وسطیٰ میں پاکستانی طبی ماہرین کی اسٹریٹجک تعیناتی سے غیر ملکی زرِمبادلہ کی مستحکم آمدن کا ایک نیا ذریعہ پیدا ہوگا۔

- Advertisement -

یہ طبی ماہرین بیرون ملک اپنے کیریئر کو مستحکم کرتے ہوئے پاکستان میں موجود اپنے خاندانوں کی کفالت بھی کر سکیں گے، جو بالآخر ملکی معیشت کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ندیم سجاد کیانی کے مطابق، ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے)، جو کہ ISO 9001:2015 اور ISO 21001:2018 سرٹیفائیڈ ادارہ ہے، نے پی ایل آر پروگرام کو عالمی معیارات اور بہترین عملی طریقوں کے مطابق ڈیزائن کیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے پاکستانی طبی ماہرین کو وہ تمام مہارتیں، سرٹیفیکیشنز اور تکنیکی معلومات فراہم کی جائیں گی جو انہیں عالمی صحت کے شعبے میں کامیابی کے ساتھ ضم ہونے کے قابل بنائیں گی۔پی ایل آر پروگرام کے تحت بین الاقوامی کلینیکل اسٹینڈرڈز میں شرکا کو مریضوں کی دیکھ بھال، ایمرجنسی ریسپانس اور جدید طبی طریقہ کار کی عملی تربیت دی جائے گی، تاکہ وہ عالمی صحت کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔

ریگولیٹری اور اخلاقی مطابقت میں شرکاء کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)، انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز (آئی ایچ ات) اور دیگر بین الاقوامی طبی اصولوں اور قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا جائے گا، تاکہ وہ اپنے میزبان ممالک کے طبی و قانونی تقاضوں کے مطابق خدمات انجام دے سکیں۔ثقافتی اور لسانی مہارت مین طبی ماہرین کو بین الاقوامی سطح پر مؤثر ابلاغ کے لیے زبان کی مہارت اور ثقافتی مطابقت کی تربیت دی جائے گی، تاکہ وہ مریضوں،معاون عملے اور متعلقہ حکام کے ساتھ بہتر انداز میں بات چیت کر سکیں۔سرٹیفکیشن اور لائسنسنگ امتحانات کی تیاری میں شرکا کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ میڈیکل لائسنسنگ امتحانات پاس کرنے کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ بیرون ملک طبی اداروں اور ریگولیٹری اتھارٹیز کی ضروریات پر پورا اتر سکیں۔

پی ایل آر پروگرام پاکستانی طبی افرادی قوت کو بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں متعارف کرانے میں معاون ثابت ہوگا۔ یہ نہ صرف پاکستانی ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکس کے عالمی روزگار کے مواقع کو بڑھائے گا بلکہ پاکستان کو ہنر مند طبی ماہرین فراہم کرنے والا ایک قابل اعتماد ملک بنانے میں بھی مدد دے گا۔رجسٹریشن کے لیے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں جبکہ تربیتی فیس میں سبسڈی اور اسکالرشپ کے مواقع بھی دستیاب ہیں۔ مزید معلومات کے لیے خواہشمند افراد www.hsa.edu.pk یا ایچ ایس اے پروجیکٹ آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔پی ایل آر پروگرام کا آغاز پاکستان میں معاشی استحکام اور عالمی سطح پر پاکستانی طبی ماہرین کی شناخت کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، جو ہزاروں افراد کے لیے روشن کیریئر کے مواقع پیدا کرے گا اور پاکستان کو عالمی طبی ورک فورس میں نمایاں مقام دلائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573214

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں