ایچ ای سی اور 8 جامعات کے نمائندوں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کا سری لنکا کا دورہ

ایچ ای سی اور 8 جامعات کے نمائندوں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کا سری لنکا کا دورہ

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور ملک کی آٹھ جامعات کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان-سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے تحت سری لنکا کے پانچ روزہ دورہ پر ہے،دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، مشترکہ تحقیق، تعلیمی روابط اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔

وفد اپنے دورے کے دوران سری لنکا کی ممتاز جامعات، تعلیمی اداروں اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرے گا جہاں دوطرفہ تعاون، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے اور ادارہ جاتی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورے کے دوران "علامہ محمد اقبال سکالرشپس” کو بھی خصوصی طور پر اجاگر کیا جائے گا جن کے ذریعے سری لنکا کے طلبہ کو پاکستان کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانا اور علمی و ثقافتی تعاون کو وسعت دینا ہے۔ ایچ ای سی کے مطابق پاکستان-سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے تحت جاری یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات کو تعلیمی میدان میں مزید مستحکم بنانے، تحقیق و اختراع کے فروغ اور علاقائی تعلیمی تعاون کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔

مزید خبریں