پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لئے معطل کرنے کے اپنے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ جیو نیوز کے لائسنس کی معطلی 11 جولائی 2026ء کی رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔
پیمرا اتھارٹی کا جیو نیوز کی بابت حتمی فیصلہ جاری : جیو نیوز کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ درست قرار، پابندی 11 جولائی کو رات 12 بجے تک برقرار رہے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لئے معطل کرنے کے اپنے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ جیو نیوز کے لائسنس کی معطلی 11 جولائی 2026ء کی رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔ پیمرا کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق معاملہ جیو نیوز کے پروگرام ’’سفر عشق‘‘ کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویرکشی سے متعلق تھا۔ پیمرا نے 11 جولائی کو ہونے والے اپنے 191ویں اجلاس میں اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کے ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف اور پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کو مدنظر رکھا گیا۔ کونسل نے اس معاملے پر بالترتیب 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں غور کیا۔ لائسنس ہولڈر کے نمائندگان کا مؤقف سننے، ریکارڈ کا جائزہ لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو مدنظر رکھنے کے بعد کونسل نے اپنی سفارشات اتھارٹی کو پیش کیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا مناسب موقع فراہم کیا گیا۔
اتھارٹی نے قرار دیا کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے جو ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں اور پیمرا قوانین کے تحت لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔ پیمرا نے جیو نیوز کی جانب سے غفلت تسلیم کرنے، اظہار ندامت اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں تخفیفی عوامل قرار دیا تاہم واضح کیا کہ یہ عوامل خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے۔ فیصلے کے مطابق 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم صحیح تھا۔ معطلی آج 11 جولائی کو رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔ چینل کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی۔
پیمرا نے مزید ہدایت کی کہ جیو نیوز انتظامیہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کر کے ان کو بر طرف کرے، کارروائی کے نتیجے میں ملازمت سے فارغ کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز سروس سے براہ راست یا بالواسطہ کسی حیثیت میں دوبارہ منسلک نہیں ہو سکیں گے۔ پیمرا نے جیو نیوز کو مطلع کیا کہ اگر آئندہ ایسی غفلت برتی گئی تو ان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔
پیمرا نے مزید ہدایت کی کہ جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتگان غیر جانبدار اور باصلاحیت ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں اور تمام چینلز یہ تفصیلات پیمرا کو فراہم کریں، ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ یقینی بنائیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔ پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔







