اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)سیکرٹریٹ میں چینی حکومت کے سکالرشپ پروگرام کے سکالرز کی الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔50 پاکستانی طلباء نے سائنس، انجینئرنگ، زراعت، طب، معاشیات، قانونی علوم، مینجمنٹ، تعلیم، تاریخ، ادب، فلسفہ اور فنون لطیفہ سمیت متنوع مضامین میں انڈرگریجویٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے لئے سکالرشپ حاصل کی ہے، اس سال سکالرشپ حاصل کرنے والوں میں سے 26 فیصد طالبات ہیں۔
چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، چینی ناظم الامور پینگ چنکسو، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل اور اسلام آباد میں چین کے کلچرل قونصلر ژانگ ہیکنگ اور ڈی جی (سکالرشپس) عائشہ اکرام ایچ ای سی نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چین میں تعلیم حاصل کرنے والے سابق طلباء کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ سکالرشپ پر چین جانے والے طلباء نہ صرف وہاں تعلیم حاصل کریں گے بلکہ ان کو یہ مطالعہ کرنے کا موقع ملے گا کہ ہمارا پڑوسی ملک چند دہائیوں میں کیسے عالمی طاقت بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکالرشپ نہ صرف طلباء کے کیریئر کو بہتر بنائی گی بلکہ انہیں ایک قابل انسان بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ چینی ناظم الامور پینگ چنکسو نے ایچ ای سی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ نے ہر سال بہترین نامزدگیاں بھجوائیں اور وظائف کی تقسیم میں میرٹ کو یقینی بنایا۔
انہوں نے کہاکہ یہ وظائف چینی حکومت کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد دینے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سکالرز اپنے قیام کے دوران نہ صرف علمی فضیلت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے بلکہ چین کی ثقافت، خوراک اور لوگوں کے ذریعے حقیقی چین کا تجربہ بھی کریں گے۔
قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈاکٹر شائستہ سہیل نے ایچ ای سی کے چائنیز گورنمنٹ سکالرشپ پروگرام کا پس منظر بیان کیا اور کہا کہ ایچ ای سی کو 2019 سے چینی حکومت کے سکالرشپ کی تقسیم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، اب تک ہم نے چار سالوں میں 163 طلباء بھیجے ہیں، اس سال یہ تعداد بڑھ کر 243 ہو جائے گی۔ انہوں نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ خود کو چین میں پاکستان کا سفیر سمجھیں اور اپنے ملک کا نام روشن کرنے کو یقینی بنائیں۔
عائشہ اکرام نے کہاکہ ایچ ای سی ہر سال چین کی حکومتی سکالرشپس کے لئے بہترین امیدواروں کے انتخاب کے لئے سخت محنت کرتی ہے اور اس عمل کو اگلے بیچ کے لئے مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے، ہمیں زیادہ سے زیادہ طلباء کو ایسے روشن مواقع کے لئے مقابلہ کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں کہ ہمارے طلباء کو ان کی محنت کا صلہ ملے۔سکالرشپ کے حوالے سے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے پروگرام کے ایک سابق طالب علم نے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ جب میں وہاں پہلی بار گیا تو میں چینی زبان کا ایک لفظ بھی نہیں بول سکتا تھا،
میں نے ایک سال میں چینی زبان پر اس قدر روانی حاصل کر لی کہ اب میں یہاں چینی انسٹرکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہوں، میرے سفر کا اہم مقصد یہ ہے کہ اگر آپ چین کی ثقافت کا احترام کرتے ہیں تو وہ بھی آپ کا احترام کرے گا۔