ایچ ای سی پاکستان اور ملک کی مختلف جامعات کے نمائندوں پر مشتمل وفد کا سری لنکا کا کامیاب دورہ مکمل
ایچ ای سی پاکستان اور ملک کی مختلف جامعات کے نمائندوں پر مشتمل وفد کا سری لنکا کا کامیاب دورہ مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور ملک کی مختلف جامعات کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے سری لنکا کا کامیاب دورہ مکمل کر لیا جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور تعلیمی تعاون کے فروغ کے لئے اہم پیش رفت ہوئی۔ ایچ ای سی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جہانزیب خان کی قیادت میں وفد نے سری لنکا کے مختلف تعلیمی اداروں میں پاکستان ہائر ایجوکیشن ایکسپو 2026 کا انعقاد کیا۔
یہ تعلیمی نمائشیں یونیورسٹی آف کولمبو، راجارتا یونیورسٹی، ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ پولونارووا اور سی سی ایل اکیڈمی کینڈی میں منعقد ہوئیں جہاں سری لنکن طلبہ کو پاکستان کی جامعات، تعلیمی پروگراموں، وظائف اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ دورے کے دوران وفد نے سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیر، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) سری لنکا کے چیئرمین سینئر پروفیسر کپیلا سینے ویراتنے سمیت مختلف جامعات کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی شراکت داری، ادارہ جاتی روابط اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے کے اختتام پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اختراع اور افرادی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ طلبہ، محققین اور جامعات کے لئے نئے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔








