ایچ ای سی کا پاکستان میں یونیورسٹی کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ، یونیورسٹی اسپورٹس بورڈ کے آئین میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

233
Higher Education Commission

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی) نے پاکستان یونیورسٹی اسپورٹس بورڈ (پی یو ایس بی) کے ترمیم شدہ آئین اور قواعد و ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جو ملک میں یونیورسٹی کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے۔ یہ ترامیم 23 اگست 2024 سے نافذ العمل ہوں گی جو چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کی رہنمائی میں کی گئی ہیں جو پی یو ایس بی کے چیئرمین بھی ہیں۔ پی یو ایس بی کے بورڈ ممبران میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ اور سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز شامل ہیں، جو کھیلوں کی گورننگ باڈی اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطے کو فروغ دیتے ہیں۔

نمایاں ترامیم مالی مراعات سے متعلق ہیں جس کے نتیجے میں غیر معمولی کھیلوں کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے والے یونیورسٹی کے طلبا کے لئے نقد انعامات اور انعامی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، نئے آئین میں طلبا کی فلاح و بہبود کے تحفظ کے لئے ایک میڈیکل کمیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ۔ اپنے پیغام میں ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ ان ترامیم پر عمل درآمد کرکے ایچ ای سی کا مقصد پی یو ایس بی کے ذریعے پاکستان میں یونیورسٹی کھیلوں کے لئے ایک پائیدار اور قابل عمل ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف پاکستانی ایتھلیٹس کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ آنے والی نسلوں کی مجموعی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی ترجیح دیں اور طلبا کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کو فروغ دینے میں غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت کو تسلیم کریں۔ پی یو ایس بی25 قومی اور دو بین الاقوامی کھیلوں کی فیڈریشنوں کے ساتھ وابستگی رکھتی ہے ، جس سے یونیورسٹی کے کھلاڑیوں کو مسابقتی مواقع کے لئے وسیع سطح تک رسائی فراہم ہو گی۔ بورڈ مرد اور خواتین طلبا کے لئے مختلف کھیلوں میں 34 سالانہ انٹر ورسٹی چیمپئن شپ کا اہتمام کرتا ہے۔

مزید برآں، ایتھلیٹکس کی ترقی کے لئے کوچنگ، تربیتی کورسز اور کیمپوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ پی یو ایس بی قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں یونیورسٹی کے کھلاڑیوں کی شرکت کی فعال طور پر حمایت کرتا ہے۔ انچارج اسپورٹس اینڈ ہم نصابی سرگرمیاں ڈویژن ایچ ای سی ذیلی کمیٹیوں کے ایک نیٹ ورک کی نگرانی کرتا ہے جو بورڈ کے اسٹریٹجک اقدامات اور سرگرمیوں کے موثر انتظام کو یقینی بناتا ہے۔