ایچ ای سی کے خواتین میں چھاتی کے کینسر اور اس کے علاج سے متعلق آگاہی کے لئے پنک پاکستان ٹرسٹ کراچی کے ساتھ مفاہمتی دستاویز پر دستخط

127
HEC
HEC

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے خواتین میں چھاتی کے کینسر اور اس کے علاج سے متعلق آگاہی کے لئے پنک پاکستان ٹرسٹ کراچی کے ساتھ مفاہمتی دستاویز پر دستخط کئے ہیں۔ بدھ کو ایچ ای سی سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں خواتین میں چھاتی کا کینسر عام ترین کینسر ہے، ایچ ای سی اور پنک پاکستان نے خواتین میں اس مرض سے متعلق آگاہی اور بروقت تشخیص و علاج کی حوصلہ افزائی کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ایچ ای سی پرامید ہے کہ اس سے متعلق پنک پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرکے خواتین کی صحت کے حوالے سے معنی خیز کردار ادا کرسکے گا۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے اس ضمن میں منعقدہ تقریب کی صدارت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن محمد فیصل بٹ اور صدر پنک پاکستان ڈاکٹر زبیدہ قاضی نے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے۔ ایچ ای سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ایچ ای سی اور پنک پاکستان چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے مشترکہ طور پر مختلف اقدامات کریں گے جن میں جامعات اور کالجوں میں ورکشاپس، سیمینارز، اور آگاہی مہم کا انعقاد شامل ہے۔

ایچ ای سی اور پنک پاکستان چھاتی کے کینسر پر تحقیق کو فروغ دینے اور خواتین کی صحت سے متعلق وسائل اور مواد اکٹھا کرنے کے لئے بھی کام کریں گے۔ ایچ ای سی جامعات کو درخواست کرے گا کہ چھاتی کے کینسر پر تحقیقی کام کو ترجیحاً پایہ تکمیل تک پہنچائیں، اس حوالہ سے تحقیق کے لئے میڈیکل یونیورسٹیوں کو سہولیات کی فراہمی پر بھی غور کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنک پاکستان کے ساتھ اشتراک خواتین اور خاندانوں کی زندگیوں میں اہم تبدیلی لائی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی مختلف تزویراتی شعبہ جات میں تحقیق کے لئے فنڈز مہیا کرے گا جن میں چھاتی کے کینسر کی وجوہات اور علاج کو بھی شامل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر زبیدہ قاضی نے ایچ ای سی کی معاونت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چھاتی کا کینسر خواتین کی صحت کے حوالے سے بہت بڑا معاملہ ہے کیونکہ پاکستانی خواتین میں یہ سب سے زیادہ لاحق ہونے والا کینسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی عمر کی لڑکیوں میں بھی چھاتی کے کینسر کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایشیائی خواتین میں چھاتی کے کینسر کی وجوہات پر تحقیق کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور علاج کے بارے میں آگاہی اجاگر کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کو آگاہی کے فروغ میں اپنے ساتھ ملانے کے حوالے سے ایچ ای سی ایک بہت مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص چھاتی کے کینسر کے علاج کے لئے معاون ہے۔ اس حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لئے ایک موبائل ایپلیکیشن بھی تیار کی گئی ہے تاکہ خواتین ازخود معائنہ کے طریقے اور معالجین سے رابطے کے حوالے سے آگاہ ہوں۔