ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تیاریاں عروج پر، مختلف شاہراہوں کو سجایا جائے گا کھلاڑیوں کے کٹ آئوٹس آویزاں کئے جائیں گے

112

کراچی۔18جنوری (اے پی پی):کراچی میں ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ( پی ایس ایل)کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں عروج پر ہیں، مختلف شاہراہوں کو سجایا جائے گا، کھلاڑیوں کے کٹ آئوٹس آویزاں کئے جائیں گے،

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے موقع پر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں پولیس اور پاکستان رینجرز کے افسران نے کمشنر کراچی کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے جنر ل مینجر ارشد خان نے کمشنر کو کراچی میں ہونے والے میچز کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تماشائیوں کی تعداد کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوا۔ توقع ہے کہ بدھ کو این سی او سی کے اجلاس میں غور ہو گا اور تماشائیوں کی تعدا د کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ تمام انتظامات کورونا ایس او پیز کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کئے جارہے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس موقع پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ اسٹیڈیم کے اطراف اور راستوں کو سجایا جائے گا، پی ایس یل کے کھلاڑیوں کی تصاویر اور ان کے ایکشن کے کٹ آئوٹس شاہراہ فیصل ضلع وسطی، ضلع ملیر اور ضلع جنوبی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں آ ویزاں کئے جائیں گے۔ متعلقہ ادارے اس سلسلے میں اقدامات کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ٹریفک کے متوقع دبائو کے پیش نظر ٹریفک روانی کے خصو صی انتظامات کئے جائیں گے، صرف ضروری راستوں کو بند کیا جائے گا۔ شاہراہوں کو روشن رکھنے کے لئے اسٹیڈیم کے راستوں اور اطراف میں اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی تاکہ پی ایس ایل کے موقع پر شہر میں جشن کاسماں ہو۔ اجلاس میں جنوبی،

شرقی اور ملیر کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان صدیقی نے اجلاس میں نیشنل اسٹیڈیم انتظامیہ، ٹریفک پولیس، سیکورٹی، بلدیاتی اور شہری اداروں کے ساتھ مختلف انتظامات سے متعلق رابطہ و تعاون کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات اور کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتا یا کہ متوقع تماشائیوں کے لئے پارکنگ کے لئے حکیم سعید گرائونڈ، یونیورسٹی روڈ، غریب نواز گرائونڈ میلینیم مال ڈالمیا اور نیشنل کوچنگ سینڑ پر پارکنگ کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ یہاں سے شٹل کے ذریعے تماشائیوں کو اسٹیڈئم پہنچایا جائے گا۔

شٹل سروس میں سوار ہوتے وقت تماشائیوں کے لئے ضروری ہوگا کہ وہ اپنا ٹکٹ اور نادرا کا ویکسی نیشن کارڈانتظامیہ کو دکھائیں۔اجلاس میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو ٹریفک مشکلا ت سے بچانے کے لئے کئے جانے والے متبادل ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

کمشنر نے کہا کہ پی ایس ایل کا کراچی میں انعقاد کراچی کے لئے اعزاز کی بات ہے، قومی ایونٹ ہے،تمام متعلقہ ادارے اس کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔کمشنر نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں، یقینی بنا یا جائے کہ مبتادل ٹریفک انتظامات کی وجہ سے شہریوں کو دشواری نہ ہو۔اجلاس کو متبادل ٹریفک انتظامات،اسٹریٹ لائٹس،

بجلی کی فراہمی کے انتظامات، پارکنگ انتظامات، شٹل سروس کی فراہمی، صفائی اور شہری سہولتوں کی فراہمی کے بارے مین تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر، ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان صدیقی، ڈپٹی کمشنر ملیر گنور لغاری، پولیس، پاکستان رینجرز، بلدیہ عظمی، ضلعی بلدیات، کنٹونمنٹ بورڈ ز، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔