اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے منسوخ ہونے والے میچز کی ٹکٹوں کی رقوم کی واپسی کا آغازکل بدھ سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،یہ میچز 2 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش کی نذر ہوئے تھے۔ ٹکٹوں کی رقم کی واپسی راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں مخصوص ٹی سی ایس مراکز سے شروع ہو گی۔ رقم کی واپسی 13 سے 20 مارچ کے درمیان کی جائے گی اور طے شدہ تاریخ کے بعد کوئی بھی رقم حاصل کرنے کا حقدار نہیں ہوگا۔
منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ٹکٹوں کی رقم کے حصول کیلئے ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز کے ذریعے خریدی گئی ٹکٹوں کی خریداری کےوقت استعمال ہونے والا اصل شناختی کارڈ پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔آن لائن خریدی گئی ٹکٹوں کی رقم کی واپسی براہ راست خریداروں کے متعلقہ بینک اکاؤنٹس میں جمع کی جائے گی جس میں فزیکل ٹکٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کارپوریٹ ادارے کے ذریعے خریدے گئے ٹکٹ صرف کارپوریٹ ادارے کو واپس کئےجائیں گے
۔ٹکٹوں کی رقوم کی واپسی کے لئے نامزد ٹی سی ایس مراکز جن میں ٹی سی ایس ایریا آفس کھنہ راولپنڈی ، ٹی سی ایس صدر ایکسپریس سینٹرراولپنڈی ،ٹی سی ایس ایریا آفس آئی-9 اسلام آباد،ٹی سی ایس ایریا آفس پشاور اور ٹی سی ایس گلبرگ آفس لاہور شامل ہیں جن سے کل سے بدھ کے روز صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک رقوم حاصل کی جاسکتی ہیں ۔