لاہور۔1دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایڈز اہم سماجی واقتصادی مسئلہ ہے، اس سے بچائو کیلئے سب کو کاوشیں کرنا ہوں گی۔اتوار کے روز ایڈز سے بچائو کے عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایڈز سے متاثرہ افراد کے علاج اور رہنمائی کو یقینی بنا کر معاشرے کا کارآمد شہری بنانا ہمارا عزم ہے، ایڈز کے مریض نفرت نہیں بلکہ ہمدردی کے مستحق ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایڈز کی روک تھام، جانچ اور علاج تک رسائی میں عدم مساوات کو ختم کرنا ہوگا،اس مرض کے خاتمے اور علاج کیلئے سرگرم کمیونٹیز کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ڈائیلسز کیلئے ایڈز سکریننگ کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے،
ملتان میں ڈائیلسز کے دوران ایڈز سے بچائو کے پروٹوکول میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈز کے خاتمے کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات یقینی بنارہے ہیں۔