مظفرگڑھ۔ 01 دسمبر (اے پی پی):ایڈز ایک لاعلاج اور مہلک بیماری ہے،یہ مرض ایچ آئی وی وائرس کی وجہ سے پھیلتا ہے،جو انسان کے مدافعتی نظام کو تباہ کر دیتا ہے،ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرور شہید نے لاعلاج مرض ایڈز کی آگاہی کے حوالے سے منعقد کی گئی واک کے دوران کیا،یاد رہے کہ یکم دسمبر ورلڈ ایڈز ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے
،اس موقع پر ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چوک سرور شہید ڈاکٹر مہر اجمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈز ایک لاعلاج اور مہلک بیماری ہے۔ یہ مرض ایچ آئی وی وائرس کی وجہ سے پھیلتا ہے جو کہ انسان کے مدافعتی نظام کو تباہ کر دیتا ہے۔
اس باعث ایڈز کے مریض کو ہونے والی ہر بیماری سنگین شکل اختیار کر لیتی ہے کیونکہ جسم بیماریوں کے خلاف مزاحمت کرنے کی قوت کھو بیٹھتا ہے،ایڈز کا باعث بننے والا وائرس خون اور دیگر جسمانی رطوبتوں میں رہتا ہے،ایڈز سے متاثرہ فرد سے دوسرے لوگوں میں خون کے انتقال اور جنسی روابط سے پھیلتا ہے
،ایڈز کا شکار ماں سے پیدا ہونے والے بچوں میں بھی یہ بیماری پھیل سکتی ہے۔ استعمال شدہ سرنجیں اور سوئیاں بھی ایڈز کے پھیلائو کا ذریعہ ہیں۔
جلد میں چبھنے اور ناک، کان چھئدنے والے اوزار بھی اس بیماری کے پھیلائو کا باعث بن سکتے ہیں۔ اسی طرح آلات جراحی، دانتوں کے علاج میں استعمال ہونے والے اوزار اور حجامت کے لیے استعمال ہونے والی چیزیں بھی اس بیماری کو پھیلا سکتی ہے۔