اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایڈز کے خاتمے کیلئے کمیونٹی کی سطح پر اجتماعی کوششوں، بصیرت اور انتہائی پسماندہ آبادی تک صحت کی خدمات پہنچانے کی ضرورت ہے، ہمیں ایڈز کی روک تھام، تشخیص اور علاج تک رسائی یقینی بنانے کی ہماری بنیادی ذمہ داری کی بھی یاد دلاتا ہے۔ ایڈز کے خاتمہ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج ہم پاکستان میں ایڈز کی وجہ سے بدنامی اور امتیازی سلوک کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے عزم کا بھی اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ اس بیماری کے پھیلائو کو روکنے کیلئے عوام میں آگاہی پیدا کریں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں قومی سماجی تحفظ کے پروگراموں کے تحت جامع صحت، غذائیت اور سپورٹ سروس پیکجز کی مدد سے ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام افراد کو تحفظ صحت فراہم کرنے کیلئے کام کر رہا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس بیماری سے نہ صرف بچا جا سکتا ہے بلکہ اس کاعلاج بھی ممکن ہے اور ہمارے پاس اس بیماری سے متاثرہ افراد کا معیار زندگی بہتر بنانے کی صلاحیت اور عزم بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بیماری سے جڑے منفی تصورات ختم کرنے، صحت کے عملے کو تربیت دینے اور اپنے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کو ایچ آئی وی سے پاک بنانے کے اس سفر میں ہمیں مستقبل کے بےشمار مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے ماضی کی کامیابیوں اور چیلنجز پر بھی غور کرنا ہوگا۔ سپیکر نے کہا کہ ایڈزکا عالمی دن ہر سال یکم دسمبر کو منایا جاتا ہے۔
اس مہلک مرض سے دنیا بھرمیں کم از کم ڈھائی کروڑ افرادہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح یہ انسانی تاریخ کے مہلک ترین امراض میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مرض سے نجات حاصل کرنے کے لیے قومی سطح پر عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415422