اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):ایڈمرل نوید اشرف ہلال امتیاز (ملٹری) تمغہ بسالت نے پاک بحریہ کے 23 ویں چیف آف دی نیول سٹاف کے طور پر پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی ہے۔ پی این ایس ظفر اسلام آباد میں کمان کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نشان امتیاز (ملٹری) ستارہ بسالت نے اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر کمان کی باگ ڈور ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔
پاک بحریہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق کمانڈ تبدیلی کی تقریب کے موقع پر سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آج پاک بحریہ ملک کی مسلح افواج کے ایک مضبوط اور اہم بازو کے طور پر کھڑی ہے جو ہماری بحری سرحدوں کی حفاظت اور ڈیٹرنس کو ریڈی ایشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مشرقی ہمسایہ ملک کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی تیاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ اس چیلنج سے پوری طرح باخبر ہے اور جدید ترین نیول پلیٹ فارمز اور آلات کی شمولیت کے ذریعے اپنی جنگی تیاری اور صلا حیتوں کے فروغ کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ بلیو اکانومی کو متحرک کرنا ملک کی معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔ اس سلسلے میں میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی کے بارے میں آگاہی اور ترقی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر MoMA کی سرپرستی میں پہلی پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کا کامیاب انعقاد ایک بہت بڑی پیش رفت تھی۔
اپنے خطاب کے آخر میں سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے ایڈمرل نوید اشرف کو بطور چیف آف دی نیول اسٹاف تعیناتی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاک بحریہ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے آےندہ چیف آف نیول سٹاف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے عہدے پر کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سینئر سرکاری افسران، سابق نیول چیفس، پاک بحریہ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، سی پی اوز/ سیلرز اور نیوی کے سویلینز نے بھی شرکت کی۔
پریس ریلیز کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور جرمنی اور پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت کی کامیاب تکمیل پر انہیں قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔اپنے شاندار بحری کیریئر کے دوران ایڈمرل نے مختلف اہم کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں۔ ان کے 10 سال سے زیادہ کے کمانڈ کے تجربے میں گن بوٹ کے کمانڈنگ آفیسر، ایک مائن ہنٹر، تین ڈسٹرائرز اور 25ویں اور 18ویں ڈسٹرائر سکواڈرن کی کمانڈ بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایڈمرل نوید اشرف پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ رہے اور انہوں نےپاکستان نیوی فلیٹ کی کمانڈ کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ ان کی ممتاز سٹاف تقرریوں میں ہیڈکوارٹر کمانڈر پاکستان فلیٹ میں فلیٹ آپریشنز آفیسر، ہیڈکوارٹر فلیگ آفیسر سی ٹریننگ میں کیپٹن ٹریننگ، ہیڈکوارٹر NAVCENT بحرین میں ٹاسک فورس 151 کے چیف سٹاف آفیسر، نائب صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، نیول سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف شامل ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن)،ڈائریکٹر جنرل سی 41،ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنل)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(آپریشنز) اور نیول ہیڈ کوارٹر میں چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی خدمات سرانجام دی ہیں۔ایڈمرل نوید اشرف پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، نیول اسٹاف کالج امریکا اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ایڈمرل نوید اشرف کو ہلال امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا گیا ہے۔