ایڈیشنل آئی جی موٹروے کی ہدایات پر چانڈکا میڈیکل کالج میں روڈ سیفٹی کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

4

لاڑکانہ۔ 27 جون (اے پی پی):ایڈیشنل آئی جی موٹروے کی ہدایات پر سیکٹر کمانڈر ایس پی قلب عباس اور ان کی ٹیم کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون سے چانڈکا میڈیکل کالج میں روڈ سیفٹی کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر نصرت شاہ، کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ضمیر حسین سومرو، ایم ایس چانڈکا اسپتال ڈاکٹر نیاز حسین ڈہر سمیت ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل عملے، طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ایس پی قلب عباس نے سیمینار میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ محفوظ سفر کے لیے موٹروے پولیس کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے، ان تدابیر میں موٹر سائیکل سوار افراد کے لیے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، اوور اسپیڈنگ سے گریز کیا جائے، کار میں بیٹھے افراد سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں اور سفر کے دوران موبائل فون استعمال نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں کے دوران صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے، اگر کسی پریشانی کی صورت میں مدد کی ضرورت ہو تو 130 پر کال کی جائے۔ سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل عملے، طلباء اور طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔