ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کا سموگی وہیکلز کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم

140

لاہور۔29اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کے احکامات جا ری کر دئیے ۔ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پر کارروائی جاری ہے۔

رواں سال دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 28 کروڑ 68 لاکھ 22 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔

دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف گزشتہ سال کی نسبت رواں سال 67 فیصد جرمانوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ رواں سال 1لاکھ 76 ہزار سے زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کر دئیے گئے ہیں۔ دھواں چھوڑنے پر 2 ہزار 615 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کئے گئے۔

2 ہزار سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کئے گئے ہیں۔184 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں۔ترجما ن نے بتایا کہ 50 ہزار 820 سے زائد گاڑیوں کو دھواں چھوڑنے پر بند کیا گیا ہے۔41 ہزار سے زائد ان کورڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کو آلودگی کا باعث بننے پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو جرمانے کے ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے ہی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں ۔

وزیراعلی پنجاب کے ویژن پر پنجاب کو سموگ فری بنانے کے لیے ٹریفک پولیس اہم کردار ادا کر رہی ہے۔صوبہ بھر میں سموگی وہیکلز کے خلاف کاروائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز متحرک رہ کر سموگ فری پنجاب کے لیے کام کریں۔

سموگ کے تدارک کیلئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درامد کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں بے تحاشہ بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتا ہے۔

سموگی وہیکلز ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ حادثات کا سبب بھی بنتی ہے۔