ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد طاہر نور کی بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ای کچہری

157

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):ایڈیشنل سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ڈاکٹر محمد طاہر نور نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ای کچہری کا انعقاد کیا۔ پیر کو ای کچہری کا مقصد بی آئی ایس پی مستحقین سمیت عوام کے خدشات و شکایات کو اسی وقت دور کرنا تھا، یہ اقدام عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بی آئی ایس پی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے،

ای کچہری میں ملک بھر سے مستحق افراد نے ٹیلی فون کالز کے ذریعے اپنے مسائل و شکایات کا اندراج کرایا۔ ای کچہری کے دوران ڈاکٹر محمد طاہر نور اور ان کی ٹیم نے زیادہ تر شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی کوشش کی، بقیہ شکایات جن کے حل کیلئے کچھ وقت درکار تھا ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایک دن کے اندر ان کے حل کو یقینی بنائیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے بینظیر کفالت پروگرام کے ذریعے 90 لاکھ رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کو 9,000 روپے کی سہ ماہی مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔

مزید برآں رجسٹرڈ خاندان بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت وظائف سے بھی مستفید ہوتے ہیں جو اجتماعی طور پر معاشرے کے سب سے کمزور طبقات کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ بی آئی ایس پی مستحقین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں وہ قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفاتر جائیں یا 080026477 ٹول فری ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے باضابطہ رابطہ صرف نمبر 8171 کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ مستحق افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 8171 کے علاوہ کسی دوسرے نمبر کے پیغامات پر بھروسہ نہ کریں۔