ملتان۔ 23 مارچ (اے پی پی):جنوبی پنجاب میں آم کی نئی فصل کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔اس سلسلے میں آم کی پیداوار،برآمدات اور تحقیق پر پیش رفت کے جائزہ کےلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان کا دورہ کیا۔
سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز خان مگسی،پرنسپل سائنٹیسٹ مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر آصف الرحمان ، ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ سنٹر ڈاکٹر غلام سرور اور ڈائریکٹر زراعت توسیع شہزاد صابر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ک جنوبی پنجاب کا آم عالمی منڈیوں میں پاکستان کی پہچان ہے اور اس خطےکے آم کا ذائقے اور مٹھاس کے حوالے سے دنیا بھر میں کوئی ثانی نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آم صرف ایک فصل نہیں بلکہ ثقافت، روایت اور محبت کی علامت ہے۔ فواد ہاشم ربانی کا کہنا تھا کہ باغبانوں کی معاشی خوشحالی کے لئے آم کی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے اس لئے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دی جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آم کی 100 سے زائد اقسام ہیں اور پاکستان کی پانچ اقسام دنیا بھر میں بہت مقبول ہیں۔
انہیں بتایا گیا کہ جدید تکنیک کی وجہ سے آم کے باغات کے رقبہ میں کمی کے باوجود فصل کی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے۔دنیا میں آم کے باغات کا سب سے بڑا کلسٹر دریائے چناب کے ساتھ جنوبی پنجاب میں واقع ہے۔بعد ازاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کاٹن ریسرچ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور اپنے ہاتھوں سے کپاس کی اگیتی کاشت کا بیج بویا۔فواد ہاشم ربانی نے ایگری مال کا بھی وزٹ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575578