گلگت۔21ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت قدرتی آفات کے خطرات سے دوچار علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹمز کی تنصیب سے متعلق ہونے والے کام کاجائزہ لینے کیلئے جی بی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں واقع ارلی وارننگ سسٹمز کی اسمبلنگ اور ٹیسٹنگ سینٹر کا دورہ کیا۔
اس دوران انہوں نے ارلی وارننگ سسٹمز کی اسمبلنگ اور ٹیسٹنگ کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا اور متعلقہ انجینئرز سے اس حوالے سے گفت و شنید بھی کی۔ اس موقع پر یو این ڈی پی کے صوبائی کوارڈنیٹر عبدالباسط نے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت ہونے والے منصوبوں بالخصوص ارلی وارننگ سسٹمز جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر جی بی ڈی ایم اے ظہیرالدین بابر نے گلگت بلتستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت ہونے والے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں بالخصوص قدرتی آفات کے خطرات سے متعلق پیشگی انتباہ کے نظام(ارلی وارننگ سسٹم) کی تنصیب جیسے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے کسی بھی ممکنہ آفت سے بروقت نمٹنے کے سلسلے میں ایک بہترین اور موثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نےعوامی فلاح کے منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں گلاف ٹو پراجیکٹ کی ٹیم کے ساتھ ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔