ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا ریسکیو 1122 کے سٹیشن 11 کا دورہ، آپریشنل آلات کا جائزہ لیا

46
Rescue 1122
Rescue 1122

ایبٹ آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ریلیف ) بٹگرام محمد سہیل اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر محمد سلیم نے ریسکیو 1122 بٹگرام سٹیشن 11 کا دورہ کیا اور آپریشنل آلات کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کاشف خٹک نے مختلف حادثات کے دوران ریسکیو1122 کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات سے متعلق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو بریفننگ دی۔

انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے لگائے گئے فائر سیفٹی، ڈیزاسٹر اینڈ ریسکیو، ریسکیو سٹالز، کنٹرول روم اور دیگر مختلف آپریشنل آلات کا بھی معائنہ کروایا اور آغاز سے لے کر اب تک ضلع بٹگرام میں ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کاشف خٹک نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سے موک ایکسرسائز کروائی گئی، جس کا مقصد ایمرجنسی/ہنگامی صورتحال سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لئے مشترکہ ٹیم تشکیل دینا جو بوقت ضرورت عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، زخمی افراد کو جائے حادثہ پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور آتشزدگی کی صورت میں آگ پر قابو پانے کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہو۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بٹگرام کے تمام ادارے ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر کام کریں گے کیونکہ کسی بھی جاندار کی زندگی بچانا انسان کی اولین ترجیح ہے لہذا سب مل کر ایک پلیٹ فارم پر کام کریں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے ریسکیو 1122 کے ساتھ بھرپور تعاون اور ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف نے قیمتی جانوں کو بچاتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو1122 اہلکاروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔