ننکانہ صاحب ۔ 02 دسمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ننکانہ صاحب رائے ذوالفقار علی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا خصوصی اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر کاشف امیر، ایم ایس ڈاکٹر افتخار محی الدین، ڈرگ انسپکٹرز سمیت دیگر ممبران اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں مجموعی طور پر۔12 کیسز کی سماعت ہوئی، اجلاس کی سفارشات پر 02 میڈیکل سٹوروں کی ری چیکنگ اور 05 کو آخری وارننگ کے نوٹس جاری کیے گئے، 05 میڈیکل اسٹورز کے چالان عدالتوں میں بجھوانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رائے ذوالفقار علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بغیر لائسنس کلینک اور میڈیکل سٹور چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، چیکنگ کا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ڈرگ انسپکٹرز کی حاضری اور فیلڈ میں روزانہ کی کاروائیاں چیک کریں اور تمام میڈیکل سٹوروں پر کوالیفائیڈ پرسنز کی موجودگی یقینی بنائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرگ انسپکٹرز جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رکھیں اور انسانی جانوں کو بچانے کے لیے ڈرگ مافیا کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر کاشف امیر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تینوں تحصیلوں کے ڈرگ انسپکٹرز کے ساتھ ایک ایک دن مشترکہ کاروائی کریں۔