کوہستان لوئر۔ 22 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوہستان لوئر ارشد عباسی نے گورنمنٹ پرائمری سکول شولگرہ بنکڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ عوام نے باری باری اپنی شکایات کا اظہار کیا، کچھ شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا اور بعض شکایات کو حل کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ریفر کر دی گئی۔
عوام نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوہستان لوئر کا ان کے علاقہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوہستان لوئر نے خصوصی طور پر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت جاری کی کہ ان مسائل کو قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، ان شکایات کے حوالے سے پراگریس ریویو اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا جس میں ان شکایات کی تازہ ترین صورتحال کے بارے پوچھا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنرکوہستان لوئر نے مزید کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے۔ یہ صوبائی حکومت کے عوامی ایجنڈا کی اولین ترجیح میں ہے۔
P