لاہور۔18اپریل (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شجعین وسطرو کی زیر صدارت لاہور میں ڈینگی کے تدارک کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے نمائندگان اور ڈینگی ورکرز نے شرکت کی، جس میں رواں سال ڈینگی لاروا کی روک تھام کیلئے کیے گئے اقدامات اور حاصل کردہ نتائج کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں برس اب تک ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 15 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 1781 وارننگز جاری کی گئیں۔ اس دوران مختلف مقامات سے مجموعی طور پر 1795 ڈینگی لاروا برآمد ہوئے جن کے خلاف موثر کارروائیاں کی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال ڈینگی لاروا کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو ضلعی انتظامیہ کی موثر حکمت عملی اور مسلسل نگرانی کا نتیجہ ہے۔ محمد شجعین وسطرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ شہر بھر میں ٹاون وائز ڈینگی سرویلنس کو مزید موثر اور منظم بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط، منظم اور تیز رفتار اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں لاہور کو ڈینگی سے پاک شہر بنایا جائے گا، اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فیلڈ میں متحرک رہیں اور ڈینگی سرویلنس کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ڈینگی وائرس کے پھیلا کا مکمل سدباب کیا جا سکے۔