مظفرگڑھ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر کے پرائس کنٹرو مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ کی کاروائی سے مصنوعی مہنگائی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کادارومدار کارکردگی ایپ پر ہے کاروائی کے بعد فوری طور پر ایپ پر اندراج کریں۔
انہوں نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنران کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی سے ہفتے میں دو سے تین بار منڈی کا وزٹ ضرور کریں، جس دکاندار یا ڈیلر کو جرمانہ کریں یااس کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کریں اس کی گرفتاری بھی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ضلع بھر کی کارکردگی بہتر ہے تاہم جہاں کہیں کمی ہے اس کو فوری دور کیا جائے تاکہ کارکردگی بہتر ہو۔
اے ڈی سی ریونیو نے مزید ہدایت کی کہ معائنہ کے دوران چینی، دالوں اور دیگر اجناس کے سٹاک کا بھی معائنہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی بہتر نہیں ہے ان کی جواب طلبی کی جائے۔ اجلاس میں فرداً فرداً پرائس کنٹرول مجسٹریس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلا س میں ڈی او انڈسٹری غازی خان نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران ضلع مظفرگڑہ اور ضلع کوٹ ادو کے 32پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 9ہزار 926 دکانوں کا معائنہ کیا ہے، مختلف خلاف ورزی پر 143دکانداروں کو 13لاکھ 45ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ 8دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مارکیٹ کمیٹی سے نجیب فیض، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالرزاق،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد طارق، نائب تحصیلدار شکیل احمد، سیکرٹری آرٹی اے ثناء اللہ ریاض نے شرکت کی جبکہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس نے ڈی سی آفس میں آسان رسائی کے تحت کھلی کچہری لگائی او ر سائلین نے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے سبزی منڈی کا بھی دورہ کیا اور اجناس کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔