احمدپورشرقیہ۔۔۔۔ 23 دسمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی کی زیر صدارت اجلاس میں غیر قانونی طریقے سے ایل پی سلنڈرز کی ری فلنگ کی روک تھام کے لئے ڈسٹرکٹ امپلی منٹیشن کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔۔اجلاس میں غیر قانونی طریقے سے ایل پی جی سلنڈرز کی ری فلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بروئے کار لائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے کہا کہ ایل پی جی گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کے عمل کو روکنے کے لیے
ڈسٹرکٹ امپلی منٹیشن کمیٹی بھرپور انداز میں کردار ادا کرے اور کمیٹی کے اراکین فیلڈ میں موثر انداز میں کاروائیاں عمل میں لائیں تاکہ ایل پی جی کی ڈی کینٹنگ کا خاتمہ ہو۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی،اسسٹنٹ کمشنر خیر پور ٹامیوالی،محکمہ سول ڈیفنس،محکمہ لیبر، محکمہ ماحولیات، میونسپل کمیٹی، محکمہ پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔