گلگت۔17اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت امیر اعظم حمزہ کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت عارف حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ریور ویو روڈ کے ساتھ دریائی کنارے کو خوبصورت بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر گلگت، تحصیلدار گلگت، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گلگت، این سی اے کالج گلگت کیمپس کے کوآرڈینیٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران این سی اے گلگت کیمپس کے نمائندوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے کو پارکنگ کے مسائل کا سامنا ہے، ساتھ ہی ایک عوامی لائبریری اور کیفے ٹیریا قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت نے کہا کہ ریور ویو سائڈ اسمبلی سیکرٹریٹ اور دیگر اہم دفاتر کے قریب واقع ہے اور سیاحتی اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے اس مقام کو خوبصورت بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ مقامی شہریوں اور سیاحوں کو فائدہ ہو۔انہوں نے این سی اے کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام منصوبوں کو ترتیب دے کر باضابطہ طور پر دفتر میں جمع کروائیں تاکہ آئندہ کی حکمت عملی طے کی جا سکے۔ مزید برآں جی بی ڈی ایم اے، ای پی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے این او سی حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا تاکہ دریاؤں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر کسی بھی ممکنہ آفت سے بچا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583633