اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):قومی اقتصادی کو نسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے خیبر پختونخوا کے 35 اضلاع کیلئے 30,265.75 ملین روپے کی لاگت سے رورل اکنامک ٹرانسفرمیشن پراجیکٹ اورکراچی سرکلرریلوے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر 201,572 ملین روپے کے منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ قومی اقتصادی کو نسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کااجلاس بدھ کویہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین کی زیرصدارت منعقدہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر آبپاشی پنجاب محمد محسن لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، وفاقی سیکرٹریز اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی وزارت نے ترقیاتی منصوبوں کے تحت براہ راست بھرتی کئے گئے عملے کے لئے نظرثانی شدہ معیاری تنخواہوں کے پیکیجز کے حوالے سے سمری پیش کی۔ایکنیک نے مناسب غور و خوض کے بعد پراجیکٹ پے اسکیل (پی پی ایس) کو 75 فیصد کی شرح سے بڑھانے کی منظوری دی۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی میں وفاقی حکومت کی پالیسیوں،عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مقاصد کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے موثر میڈیا مہم چلانے کے ضمن میں بجٹ کیلئے مناسب رقم مختص کرنے کے حوالہ سے وزارت منصوبہ بندی وخصوصی اقدامات کی سمری کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی جانب سے رورل اکنامک ٹرانسفرمیشن پراجیکٹ (کے پی آرای ٹی پی) کے حوالہ سے سمری پیش کی گئی ۔اجلاس کوبتایاگیا کہ منصوبے کا مقصد زرعی کاروبار کی ترقی اور روزگار کے فروغ میں کثیر شعبہ جاتی مداخلت کے ذریعے دیہی گھرانوں کی آمدن کو بہتر بنانا ہے۔ اس کا نفاذ پورے خیبر پختونخوا کے 35 اضلاع میں کیا جائے گا تاکہ غربت میں کمی اور دیہی آبادی کی خوراک اور غذائیت کو محفوظ بنانے میں مددمل سکے۔
اجلاس میں منصوبے کی منظوری دی گئی۔ منصوبہ پر30,265.75 ملین روپے کی لاگت آئیگی جس میں 17565.75 ملین روپے آئی ایف اے ڈی کی جانب سے قرضہ ہوگا جبکہ صوبائی حکومت 4,712 ملین روپے فراہم کرے گی۔ یہ منصوبہ 2022 میں شروع ہوگا اور2029 میں مکمل ہوجائیگا۔ اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات کی جانب سے گریٹر تھل کینال پراجیکٹ (فیز-II) پر سندھ اور پنجاب کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد سفارشات پرمبنی سمری پیش کی گئی۔
ایکنیک نے اصولی طور پر گزشتہ سال اس منصوبہ کی منظوری دی تھی۔ ایکنک نے 4 سفارشات کی بنیادپر 38372.225 ملین روپے کی منظوری دی۔اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیادپر کراچی سرکلر ریلوے کی ترقی، آپریشن اور دیکھ بھال کے بارے میں سمری پیش کی گئی ۔
ایکنک نے تفصیلی مباحثہ کے بعداس کی منظوری دی۔منصوبہ کی کل لاگت 201,572 ملین روپے ہوگی۔ منصوبہ کے تحت تین سال کی مدت میں 43.22 کلومیٹرریلوے ٹریک کی تعمیرکی جائیگی۔ اجلاس میں وزیرخزانہ شوکت ترین کی قیادت میں ایک کمیٹی کاقیام بھی عمل میں لایاگیا، کمیٹی وفاقی حکومت کے وی جی ایف کنٹری بیوشن سے متعلق ٹرانزیکشن کی ساخت کاجائزہ لے گی۔