ایکنیک نے پولیوکے خاتمہ کے ہنگامی منصوبہ کی منظوری دیدی

136
ایکنیک
ایکنیک نے پولیوکے خاتمہ کے ہنگامی منصوبہ کی منظوری دیدی

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنیک) نے پولیوکے خاتمہ کے ہنگامی منصوبہ کی منظوری دیدی ہے جس پر1794.93 ملین ڈالرکی لاگت آئیگی۔ قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنیک) کا اجلاس پیرکویہاں نگران وفاقی وزیر خزانہ داکٹرشمشاداخترکی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی محمد سمیع سعید، وزیر مواصلات شاہداشرف تارڑ، وزیر پاور محمد علی، خیبرپختونخواکے وزیر خزانہ احمد رسول بنگش، وزیر خزانہ سندھ محمدیونس دھاگا،بلوچستان کے وزیر خزانہ امجدرشید،وفاقی سیکرٹریز اورمختلف وفاقی اورصوبائی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کے 1794.93 ملین ڈالر مالیت کے پولیوکے خاتمہ کے ہنگامی منصوبہ کی منظوری دی گئی جس میں جی پی ای آئی پارٹنرز کی 1197.93 ملین ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک کے 55ملین ڈالر اور فرانسیسی ترقیاتی ادارہ کی 35 ملین ڈالرکا قرضہ وغیرملکی امدادشامل ہیں، منصوبہ کے تحت پورے ملک میں پولی ویکسین کی فراہمی عمل میں لائی جائیگی اور یونیسیف و عالمی ادارہ صحت اس پرعمل درآمد کرے گی۔

ایکنیک نے امبریلا پراجیکٹ کے پی سی ون کی مدت میں تین سال کی توسیع کرتے ہوئے وزارت اقتصادی امور کو قرضہ سے متعلق معاہدوں کا اختیار دیدیا تاکہ ملک میں پولیو کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات اور وزارت منصوبہ بندی کو پولیو کے خاتمہ کے پروگرام اور تیسرے مرحلہ کے نفاذ سے متعلق تجربات و جائزہ پیش کرنے کی درخواست کی۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی جو صوبوں کے ساتھ اس طرح کے منصوبوں کے ری لینڈنگ انتظامات کاجائزہ لیں گی۔