ایکنیک نے گوادرمیں نئے بین الاقوامی ائیرپورٹ کی تعمیرسمیت اربوں روپے مالیت کے میگامنصوبوں کی منظوری دیدی

71

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی ایکنیک نے گوادرمیں نئے بین الاقوامی ائیرپورٹ کی تعمیرسمیت اربوں روپے مالیت کے میگامنصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔کمیٹی کااجلاس بدھ کویہاں مشیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا اسدعمر،مخدوم خسروبختیار، وفاقی سیکرٹریوں کے علاوہ سینئر افسران اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں سپارکو کے پاکستان آپٹیکل ریموٹ سی سنگ سیٹلائٹ پراجیکٹ کی منظوری دیدی گئی جس پر2791 ملیں روپے کی لاگت آئیگی۔ایکنیک نے 43 ارب 38کروڑ روپے کی لاگت سے سیالکوٹ سمبڑیال کھاریاں موٹروے منصوبہ کی منظوری دیدی ہے۔

منصوبہ کے تحت 69 کلومیٹر طویل 4 لین موٹروے تعمیر کی جائیگی۔اجلاس میں گوادر میں نئے بین الاقوامی ائیر پورٹ کے دوسرے نظرثانی شدہ منصوبہ کی منظوری دیدی گئی جس پر51 ارب 29کروڑ روپے سے زائد اخراجات آئیں گے۔منصوبہ میں ائیر پورٹ کے ساتھ منسلک سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔نئے ائیرپورٹ پربڑے اورجدیدطیاروں کی لینڈنگ ہوسکے گی۔

اجلاس میں وزارت توانائی کی طرف سے آئیسکومیں ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر16 ارب 93 کروڑ روپے کی لاگت آئیگی۔ اجلاس میں پشاور میں ورسک کینال سسٹم منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر16 ارب 69 کروڑ روپے کی لاگت آئیگی اس کیلئے وفاق اور صوبہ نصف نصف معاونت فراہم کرے گا۔

اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان نظرثانی شدہ منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر12 ارب 78 کروڑ روپے کی لاگت آئیگی۔عالمی بینک منصوبہ کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گا۔ایکنیک نے خیبر پختون خوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کی منظوری بھی دیدی جس پر9 ارب 71 کروڑ روپے کی لاگت آئیگی۔

اجلاس میں آئی جے پی روڈ سے سری نگر ہائی وے تک 10ویں ایونیوکی تعمیر کے منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر12 ارب 13کروڑ روپے کی لاگت آئیگی۔