ایکنیک نے 1200 میگاواٹ کے حامل چشمہ نیوکلیئرپاورپراجیکٹ یونٹ 5 منصوبہ سمیت اہم منصوبوں کی منظوری دیدی

136

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنیک) نے 1200 میگاواٹ کے حامل چشمہ نیوکلیئرپاورپراجیکٹ یونٹ 5 منصوبہ سمیت اہم منصوبوں کی منظوری دیدی۔ قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنیک) کااجلاس جمعرات کویہاں وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر سیدنویدقمر، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی ریونیو طارق محمودپاشا، وفاقی سیکرٹریز، سینئر افسران اورمتعلقہ وفاقی اورصوبائی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں راولپنڈی سے کہوٹہ تک 28.4 کلومیٹرطویل سڑک کو دورویہ کرنے بشمول سہالہ ریلوے پاس پر4 لین پل کی تعمیر کے ضمن میں وزارت مواصلات کے منصوبہ کی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر23545.021 ملین روپے کی لاگت آئیگی ، وفاقی اورصوبائی حکومت 50, 50 کی بنیادپراس کیلئے فنڈز فراہم کریں گے جبکہ این ایچ اے اس منصوبہ کومکمل کرے گی۔اجلاس میں وزارت دفاعی پیداوارکے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے انفراسٹرکچر منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی، اس منصوبہ کی نظرثانی شدہ لاگت 10689.807 ملین روپے ہے جس میں 4934.56 ملین روپے کی غیرملکی معاونت شامل ہے۔اجلاس میں 45 کلومیٹر طویل عبدالخیل، داخی۔کلرکوٹ سڑک کی تعمیرکی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر14257.29 ملین روپے کی لاگت آئیگی، یہ منصوبہ این ایچ اے مکمل کرے گا۔

وفاق اورخیبرپختونخوا کی حکومت 50 فیصدکی شرح سے فنڈز فراہم کریں گے۔ اجلاس میں وزارت آبی وسائل کے ضلع خاران میں گورکھ سٹوریج ڈیم منصوبہ کی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر27753.76 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔ ایکنیک کے اجلاس میں ضلع نصیرآبادمیں پٹ فیڈرکینال سسٹم کی ری ماڈلنگ منصوبہ کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبہ پر61793.36 ملین روپے کی لاگت آئیگی، وفاق اورصوبہ 50فیصد کی شرح سے فنڈز فراہم کریں گے۔ اجلاس میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چشمہ نیوکلیئر پاور پراجیکٹ یونٹ 5 منصوبہ کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبہ پر1,047,988.84 ملین روپے کی لاگت آئیگی، منصوبہ کیلئے 187,098.9 کی غیرملکی اور 820,742.99 ملین روپے چینی قرضہ حاصل کیا جائیگا۔

منصوبہ کے تحت میانوالی میں 1200میگاوات کو نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیرکیا جائیگا۔ اجلا س میں حکومت سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سکولوں کی تعمیرنواوربحالی کے منصوبہ کی منظوری بھی دی گئی جس پر12,338.294 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔ اجلاس میں پلاننگ کمیشن کے انویسٹمنٹ پراجیکٹ فنانسنگ کمپونینٹ پاکستان ریزیز ریونیو پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی،اس منصوبہ پر 21,518.677 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔ عالمی بینک اس منصوبہ کیلئے 80ملین ڈالرکا قرضہ فراہم کرے گا۔