ایکوفرینڈلی ٹرانسپورٹ پنجاب کے عوام کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے،وزیرِ ٹرانسپورٹ

139

لاہور۔29جنوری (اے پی پی):وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے لاہور کے علاقے گرین ٹاون میں زیر تعمیر بس ڈپو کا دورہ کیا اور الیکٹرک بسوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ پہلے بس ڈپو پر جاری کام کا خصوصی معائنہ کیا۔اس دوران انہوں نے بس ڈپو پر کام کی رفتار بڑھانے اور بہترین معیار کو بھی ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی۔

اپنے دورے کے دوران بلال اکبر خان نے چین سے درآمد شدہ 27 الیکٹرک بسوں کا بھی مشاہدہ کیا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے ہماری تیاری مکمل ہو چکی ہے اور 15 فروری تک لاہور کی سڑکوں پر الیکٹرک بسیں رواں دواں ہوں گی۔ان الیکٹرک بسوں کے لیے جدید ترین گرین بس ڈپو بھی جلد مکمل ہو جائیگا۔ یہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ گرین بس ڈپو تعمیر کیا جا رہا اور مکمل طور پر سولر انرجی پر کام کریگا۔یہاں تیز ترین چارجنگ پوائنٹس انسٹال کیے جا رہے ہیں جبکہ بسوں کی سروس اور دیگر معاملات کیلئے جدید پوائنٹس بنائے جا رہے ہیں۔

27 الیکٹرک بسیں ہمارا پائلٹ پراجیکٹ ہے اس کے بعد سینکڑوں بسیں لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی چلائی جائیں گی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے عوامی فلاح و خدمت کیلئے ان گنت پراجیکٹس شروع کر رکھے ہیں اور ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ بھی ان کی جانب سے پنجاب کے عوام کیلئے کسی عظیم تحفے سے کم نہیں۔